گھر کی تعمیر و سجاوٹ کے دوران یاد رکھنے والی باتیں

Resham Ejaz Resham Ejaz
homify Country style houses
Loading admin actions …

کہا جاتا ہے کہ انسان ایک سماجی مخلوق ہے، گھر سے باہر نکل کر لوگوں سے ملے جلے بغیر اس کا گزارا نہیں مگر پھر بھی ایک وقت ایسا ضرور آتا ہے جب ہم اپنے گھر کی چار دیواری میں مقید ہو کر خود کو آزاد کرنا چاہتے ہیں۔ چاہے کتنی ہی حسین جگہوں پر گھوم پھر آئیں، ایک خاص مدت کے بعد ہمیں گھر کی یاد ستانے لگتی ہے۔ ایسا اس لیے ہے کیوں کہ آپ کا گھر وہ واحد جگہ ہے جہاں آپ کو اپنے ہر کام پر مکمل اختیار حاصل ہوتا ہے۔ چاہیں تو دوستوں کو بلا لیں، رات کے ۳ بجے نوڈلز بنا کر کھائیں یا سارا دن گھر کے آرام دہ کپڑوں میں اپنا پسندیدہ ڈراما دیکھتے گزار دیں۔ 

مگر سوال یہ اٹھتا ہے کہ گھر میں ایسا ماحول کیسے تخلیق کیا جائے جو گھر میں قدم رکھتے ہی آپ کو سکون اور اپنائیت کا احساس دے؟ جہاں گھر کا حسین اور آرام دہ ہونا ضروری ہے، وہیں اسے فعال اور عملی بھی ہونا چاہیے۔ اسے آپ کے بجٹ میں رہتے ہوئے آپ کی شخصیت کی بہترین عکاسی کرنی چاہیے۔ تو آج ہومی فائی پر ہم آپ کو دیں گے وہ تمام معلومات جن کی آپ کو گھر تعمیر یا تبدیل کرتے وقت ضرورت پڑے گی۔

۱۔ گھر تبدیل کرتے وقت کن چیزوں کو مد نظر رکھا جانا چاہیے؟

اگر آپ نے مختلف وجوہات کی بنا پر اپنا گھر تبدیل کرنے کی ٹھان ہی لی ہے تو کچھ باتیں ایسی ہیں جن کا آپ کو خیال رکھنا ہو گا کہ ان کے بغیر نئے گھر میں اپنائیت کا احساس حاصل کرنا تقریبا ناممکن ہو گا۔ 

سب سے پہلے آپ کو دیکھنا ہو گا کہ نیا گھر آپ کے خاندان کی تمام ضروریات کو پورا کرتا ہے یا نہیں۔ اگر آپ کے گھر میں اسکول جانے والے بچے ہیں تو بہتر ہو گا کہ اگر آپ کے نئے گھر کے نزدیک اچھے اسکول موجود ہوں۔ اگر آپ کے خاندان کا کوئی فرد گھر بیٹھے کام کرتا ہے تو آپ کو ایسا گھر ڈھونڈنا چاہیے جس میں ایک ہوم آفس بھی بنا ہو۔ اگر آپ کے گھر مہمانوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے تو ایک گیسٹ روم والا گھر آپ کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔  

اس کے علاوہ چند عناصر جو ایک گھر کو خوشگوار بناتے ہیں، ان میں گھر کا کشادہ، ہوا دار اور روشن ہونا شامل ہیں۔ کوشش کریں کہ آپ کا نیا گھر ان تمام عناصر کا حامل ہو۔

۲۔ گھر تعمیر کریں، خریدیں یا کرائے پر لیں؟

خاص اپنی ضروریات اور پسند کے مطابق گھر تعمیر کروانے سے بہتر بھلا کیا ہو سکتا ہے؟ اگر آپ نے کبھی ایک پلاٹ خریدا تھا جس پر آپ گھر تعمیر کرنے کی ہمت نہ کر پائے تھے تو اب وقت ہے کہ آپ یہ کام شروع کریں۔ کسی بھی پریشانی کی صورت میں آپ ہومی فائی کے پیشہ وران سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ ایک گھر تعمیر کروانے جتنا بڑا کام اور اس پر لگنے والی محنت آپ کے بس کا روگ نہیں، یا آپ کے پاس وقت کم ہے تو آپ کو مارکیٹ سے تعمیر شدہ گھروں کی قیمتیں معلوم کرنے کی ضرورت ہے۔ آج کل اپنی پسند اور ضروریات کے مطابق بنا بنایا گھر حاصل کرنا نہایت آسان ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ ابھی آپ اپنا نیا گھر بنوانے یا خریدنے کے لیے تیار نہیں تو کوئی بات نہیں! آپ اپنے لیے اپنی پسند کے علاقے میں کرائے کا گھر حاصل کر سکتے ہیں۔

۳۔ پاکستان میں گھر کی تعمیر پر آنے والی لاگت کیا ہے؟

یہ آپ کی پسند کے مواد اور فن تعمیر پر منحصر ہے۔ زیادہ پیچیدہ فن تعمیر اور مہنگے مواد کے استعمال سے آپ کے گھر کی تعمیر پر آنے والی لاگت بڑھ جائے گی۔ اس کے علاوہ گھر کا حجم اور منزلیں بھی اس کی قیمت پر نظر انداز ہوتی ہیں۔ اندازا ایک 5 مرلے پر تعمیر کیے جانے والے دو منزلہ گھر پر ۱۵ سے ۲۰ لاکھ روپے لگیں گے۔

۴۔ میرے لیے گھر کا بہترین سائز کیا ہے؟

کیا آپ اکیلے رہتے ہیں یا صرف اپنے شریک حیات کے ساتھ؟ کیا آپ کا خاندان چھوٹا سا ہے یا آپ جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہتے ہیں؟ یہ ہیں وہ سوال جو آپ کو اپنے گھر کا سائز چننے سے پہلے خود سے کرنے چاہئیں۔ عام اصول یہی ہے کہ جتنے کم لوگ ہوں اتنا چھوٹا گھر بہتر رہتا ہے کہ اس کی صفائی اور ترتیب آسان ہوتی ہے۔ مگر کہانی صرف یہیں ختم نہیں ہو جاتی بلکہ آپ کا بجٹ اس فیصلے پر بری طرح اثر انداز ہوتا ہے۔ تو کیا کیا جائے اگر آپ ایک بڑا گھر چاہتے ہیں مگر اسے افورڈ نہیں کر سکتے؟ ایسی صورت میں بہتر ہو گا کہ آپ ایک کھلے پلان والا گھر ڈھونڈیں۔ جتنی کم دیواریں ہوں، گھر اتنا کشادہ لگتا ہے اور ایسے گھر میں آپ کو کبھی جگہ کی کمی کا احساس نہیں ہو گا۔

5۔ کم بجٹ میں گھر کی سجاوٹ کیسے کی جائے؟

آپ نے گھر تو تبدیل کر لیا مگر اس کی سجاوٹ کے دوران آپ کے بجٹ نے آپ کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا۔ مگر رکیں! کم بجٹ کا مطلب یہ نہیں کہ آپ گھر کی سجاوٹ پر سمجھوتہ کر لیں۔ ذرا ٹھہریں اور سوچیں کہ آپ کو اس وقت کیا ضروری سامان درکار ہے۔ اپنے سامان کی ایک لسٹ بنائیں اور سجاوٹ کے لیے مختص رقم نکال کر الگ رکھ لیں۔ پھر دیکھیں کہ آپ یہی سجاوٹ کم داموں میں کیسے کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کسی دیوار کو منفرد بنانا چاہتے ہیں تو آسان ترین حل وال پیپر ہے۔ نئے فوٹو فریم خریدنے کے بجائے آپ پرانے والوں پر رنگ کر کے ان کو نیاکر سکتے ہیں۔ آپ اپنے کمرے میں تازہ پھول رکھ سکتے ہیں، کشن اور تکیوں پر انوکھے کور چڑھا کر انہیں سب کی توجہ کا مرکز بنا سکتے ہیں، یہاں تک کہ تھوڑا سا دماغ لڑانے کے بعد آپ اپنے روز مرہ استعمال کے سامان کو بھی آرائشی ٹکڑوں میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ 

مزید مدد کے لیے دیکھیے: یہ میں نے پہلے کیوں نہیں سوچا؟ گھر کے لیے ۹ تخلیقی تجاویز۔

Need help with your home project?
Get in touch!

Highlights from our magazine